ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راہل گاندھی کا مودی-اڈانی گٹھ جوڑ پر پھر حملہ، ’’یہ بدعنوانی کا خطرناک کھیل ہے‘‘

راہل گاندھی کا مودی-اڈانی گٹھ جوڑ پر پھر حملہ، ’’یہ بدعنوانی کا خطرناک کھیل ہے‘‘

Sat, 23 Nov 2024 11:29:25  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 23/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے اڈانی رشوت ستانی معاملہ پر ایک بار پھر وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے مودی اور اڈانی کے گٹھ جوڑ کو ’’بے حد خطرناک کھیل‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اڈانی وزیراعظم مودی کو فنڈ فراہم کرتے ہیں، اور بدلے میں مودی جی اڈانی کو ملک کی ملکیت دے دیتے ہیں۔ راہل گاندھی نے مزید الزام لگایا کہ دونوں ایک دوسرے کی حفاظت کرتے ہیں، لیکن اس کا بوجھ عام ہندوستانی عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔

راہل گاندھی نے ’مودانی‘ پر تازہ حملہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’یہ بدعنوانی کا بے حد خطرناک کھیل ہے۔ اڈانی مودی جی کو فنڈ دیتے ہیں اور بدلے میں مودی جی انھیں ملک کی قومی ملکیت سونپتے ہیں۔ وہ دونوں سب سے پہلے ایک دوسرے کی حفاظت کرتے ہیں۔ لیکن اس میں قیمت کسے ادا کرنی پڑ رہی ہے؟ آپ کو، عام ہندوستانی کو!‘‘

اس پوسٹ میں راہل گاندھی آگے لکھتے ہیں کہ ’’جب اڈانی رشوت دے کر مہنگی بجلی فروخت کرنے کا معاہدہ کرتے ہیں تب بڑھی ہوئی بجلی کی قیمت کسے ادا کرنی پڑتی ہے؟ آپ کو، عوام کو۔ جب گھوٹالے سامنے آنے پر اڈانی کے فرضی طریقے سے بڑھائے ہوئے شیئر گرتے ہیں تب نقصان کس کا ہوتا ہے؟ آپ کا، ریٹیل انویسٹرس کا۔ جب بندرگاہ، ایئرپورٹ، سیمنٹ ڈیفنس سب اڈانی کے حوالے کیے جاتے ہیں، تب انھیں ملنے والا منافع کس کی جیب سے جاتا ہے؟ آپ کی جیب سے۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں راہل گاندھی لکھتے ہیں کہ ’’اسی لیے میں بار بار بول رہا ہوں، اس کھیل کو سمجھیے۔ اس میں شکست ہمیشہ عوام کی ہوگی۔‘‘


Share: